سرینگر//ایوان صحافت(پریس کلب آف کشمیر) کا افتتاح پیر کو پولو ویو سرینگر میںصحافی محمد سلیم پنڈت نے کیا۔اس موقعہ پر سنیئر صحافیوں کے علاوہ میڈیا انجمنوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ایوان صحافت کو رسمی طور پر جمعرات کو ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ منیر الاسلام نے صحافیوں کی تحویل میں دیا تھا۔پریس کلب کو ایوان صحافت کا نام دیا گیا ہے،جو کہ وادی میں صحافیوں کیلئے ایسا پہلا مرکز ہے،جہاں سے صحافی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں انجام دے سکتے ہیں۔ وادی میں ایوان صحافت کا قیام صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کی دیرینہ مانگ تھی۔1970کے اوئل میں معروف صحافی خواجہ ثنا اللہ اور سید ملک جیسے صحافیوں نے شروع کیا تھا،تاہم بعد میں حکومت نے اس کو بند کیا تھا۔اس موقعہ پر سلیم پنڈت نے ایوان صحافت کے قیام کو موجودہ حکومت اور صحافیوں کی مشترکہ کاوشوں کا صلہ قرار دیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سید عابد رشید شاہ کے علاوہ ایس ایس پی سرینگر امتیاز اسماعیل بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر سرینگر نے صحافی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کلب کو مختلف طریقوں سے فروغ دے گی۔صحافی برادری کی مانگ پر ترقیاتی کمشنر نے یقین دہانی دی کہ پریس کلب کی عمارت کی تعمیر وتجدید کا کام عنقریب ہی شروع کیا جائے گا۔