جموں //جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی رولز کمیٹی نے کونسل کی نشست کے کورم سے متعلق رول 15 میں مجوزہ ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ۔کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ لیا کہ اس حوالے سے کورم 10ارکان پر مشتمل ہوگا جس میں چیئرمین ، وزیر یا وزیرمملکت شامل نہیں ہوگا۔اس سلسلے میں قانون ساز کونسل چیئرمین حاجی عنایت علی کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ایوان بالا کے کام کاج میں مزید بہتر ی لانے سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقعہ پر کونسل میں زیر بحث لائے جانے والی توجہ دِلائو سے متعلق رول 174 میں مجوزہ ترمیم کرنے سے بھی اتفاق کیا گیا اور یہ فیصلہ لیا گیا کہ مستقبل میں مختلف ارکان کی طرف سے پیش کئے جانے والے 5 توجہ دلائو بحث کے لئے اٹھائے جائیں گے جبکہ یہ تعداد ا س وقت دو ہے۔ارکان قانون سازیہ قیصرجمشید لون، جی این مونگا،سیف الدین بٹ، رمیش اروڑہ ، وبود ھ گپتا اور محمد خورشید عالم نے میٹنگ میں شرکت کر کے کونسل کی کارروائی کو مزید فعال بنانے اس میں بہتر ی لانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔چیئرمین موصوف نے تمام ہاوس کمیٹیوں کے ارکان کو ہدایت دی کہ وہ اپنا کام سنجیدگی سے لیں اور کمیٹیوںکی میٹنگوںمیں متواتر طور شرکت کیا کریں۔سیکرٹری قانون ساز کونسل عبدالمجید بٹ کے علاوہ کونسل سیکرٹریٹ کے کئی دیگر اہلکار اور افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔