جموں//قانون سازکونسل نے کل ریاست کے سال 2018-19 کیلئے 95666.97 کروڑ روپے کے بجٹ کو منظوری دی ۔ اس میں 51244.72کروڑ روپے کا ریونیو کمپونٹ اور 44422.24کروڑ روپے کا کیپٹل کمپونٹ شامل ہے ۔اس حوالے سے قانون ساز اسمبلی میں سنیچر کو وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے جموں کشمیر ایپرو پریشن بل 2018ء پیش کیا اور اسے زبانی ووٹ کے ذریعے پاس کیا ۔ یہ بل کل ڈاکٹر درا بو نے ایوان بالا میں پیش کیا اور اسے یہاں زبانی ووٹ کے ذریعے پاس کیا گیا۔ اس سال 11جنوری کو وزیر خزانہ نے ایوان میں سال 2018-19 ء کا بجٹ منصوبہ پیش کیا تھا جو پچھلے سال کے 79472کروڑ روپے کے بجٹ حجم سے 20فیصد زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ محکموں میں اخراجاتی اصلاحات کو مختلف اقدامات کے ذریعے سے مستحکم کیا جائے گا جس کی بدولت مالی اور انتظامی عوامل میں شفافیت ممکن ہوسکے گی۔وزیر نے اپنی آرا سامنے رکھنے اور ریاست کے مالی نظام کو تقویت بخشنے کے لئے حزب اقتدار اور حز ب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقعہ پر ارکان قانون ساز یہ نے اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر وزیر خزانہ کی طرف سے اپروپریشن بِل میں وضع کئے گئے غیر معمولی اخراجاتی اصلاحات لانے کی تعریف کی تاکہ ریاست میں مالی نظم و ضبط لانے کے ساتھ ساتھ دستیاب وسائل کو مؤثر ڈھنگ سے بروئے کا ر لایا جاسکے۔