یواین آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ گزشتہ 11برسوں میں ملک کے دفاعی شعبے میں قابل ذکر ترقی ہوئی ہے اور حکومت نے دفاعی پیداوار میں جدیدیت اور خود انحصاری پر خصوصی زور دیا ہے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کے 11 سال مکمل ہونے کے موقع پر اعلی قیادت کی جانب سے حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا جا رہا ہے اسی سلسلے میں وزیر اعظم نے منگل کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں شہریوں کے اجتماعی عزم اور دفاعی شعبے میں ہندوستان کو خودکفیل اور ٹیکنالوجی میں برتری کی طرف لے جانے کے مصمم عزم پر فخر کا اظہار کیا۔ مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، پچھلے 11 برسوں میں ہمارے دفاعی شعبے میں اہم تبدیلیاں آئی ہیں، جن میں جدیدیت اور دفاعی پیداوار کے معاملے میں خود انحصار بننے پر واضح توجہ دی گئی ہے۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ ملک کے لوگ ہندوستان کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ کس طرح متحد ہوئے ہیں۔
آج سے راج گھاٹ پرایک نمائش ہوگی | حکومت کی مختلف کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا
یواین آئی
نئی دہلی//اقلیتی امورکی مرکزی وزارت، مودی حکومت کے 11سال مکمل ہونے کے موقع پر دارالحکومت میں راج گھاٹ پر 11سے 15 جون تک ایک نمائش کا اہتمام کر رہی ہے، جس میں بااختیار بنانے، شمولیت اور ثقافتی افتخار کے ساتھ حکومت کی مختلف کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔وزارت کی جانب سے منگل کو جاری کردہ ایک اعلان کے مطابق راج گھاٹ پر گاندھی درشن کے برسا منڈا لان میں لوک سموردھن پرو کے نام سے اس پروگرام کا تصور جامع ترقی کے جشن کے طور پر کیا گیا ہے۔ اس میں سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس کے نقطہ نظر کے تحت وزارت کی اہم اسکیموں، پروگراموں اور کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔ اس میں اقلیتی برادریوں، خاص طور پر دستکاروں، کاریگروں اور روایتی ہنرمندوں کو اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کی سمت میں وزارت کی مسلسل کوششوں پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔یہ نمائش دہلی، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، راجستھان اور اتر پردیش کے 50 سے زائد دستکاروں اور کاریگروں کو اپنے روایتی ہنر کی نمائش اور فروخت کے لیے ایک شاندار پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ یہ فنکار لاکھ کی چوڑیاں، لکڑی کی پینٹنگز، بلیو پوٹری، کڑھائی، بنارسی زری، پھلکاری، چمڑے کے ہنر، قالین، زیورات اور لکڑی کے نقش و نگار جیسے روایتی فنون اور دستکاری کے سامان کی نمائش لگائیں گے اور ان کی فروخت بھی کریں گے۔نمائش کے ذریعے انہیں ممکنہ خریداروں سے رابطہ قائم کرنے اور مارکیٹ سے تعلقات استوار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔