عظمیٰ نیوز سروس
احمد آباد//گجرات میں سولر پلانٹ میں شدید آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ آگ رات کو تقریبا 9 بجے لگی اور ہوا کی وجہ سے اتنی تیزی سے پھیلی کہ پلانٹ میں 400کروڑ روپے سے زیادہ کا سامان پوری طرح جل کر خاک ہو گیا۔ سولر پینل، ٹرانسفارمر، کیبل جیسے سامان یہاں رکھے ہوئے تھے، ان میں سے زیادہ تر سامان پوری طرح سے جل چکے ہیں۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی این ٹی پی سی کے ملازمین موقع پر پہنچے لیکن تب تک آگ اتنی بھڑک چکی تھی کہ اس پر قابو پانا مشکل ہو گیا۔ 70 میگاواٹ کا یہ سولر پلانٹ وزیر اعظم نریندر مودی کا ڈریم پروجیکٹ تھا۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق داہود اور آس پاس کے ضلعوں سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں تھیں۔ ان سبھی نے آگ بجھانے کی پوری کوشش کی۔ آگ بجھ رہی تھی لیکن وہاں سامان اس طرح کے تھے کہ پھر سے چنگاریاں نکلنی شروع ہو جاتی، جس کی وجہ سے آگ پر پوری طرح سے قابو نہیں پایا جا سکا۔ پلانٹ کا 95 فیصد سامان جل کر خاک ہو چکا ہے۔ کچھ اور جگہوں سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو موقع پر بلایا گیا لیکن اس کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ ابھی تک بھڑکی ہوئی ہے۔