کشتواڑ//ضلع یوتھ صدر این سی ڈی ڈی فاروق کی قیادت میں نیشنل کانفرنس کے کارکنوں نے چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا اوردفتر سے غیر حاضر رہنے پر ان کے دفتر چیمبر کو تالا لگادیا۔مظاہرین نے کہا کہ سی ای او کشتواڑ سے زیادہ غیر سنجیدہ کوئی افسر نہیںجو چیمبر میں لوگوں سے نہیں ملتے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس حقیقت کے باوجود کہ کشتواڑ ایک دور دراز علاقہ ہے متعلقہ افسر اپنے کام کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ۔انہوںنے الزام لگایاکہ وہ چن چن کر اساتذہ کے تبادلے کررہے ہیں اور ایسی ٹرانسفر پالیسی قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت کی قیادت میں افسران غریب اور ضرورت مند لوگوں تک نہیں پہنچ رہے ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ چیف ایجوکیشن افسر کشتواڑ کی فوری طور پر یہاں سے ٹرانسفر کی جائے ۔