این سی وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
سرینگر// وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کے دوران نیشنل کانفرنس نے مرکزی سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست کے خصوصی درجے کی حفاظت کیلئے سامنے آئے اور ساتھ ہی ریاست کی بگڑتی ہوئی صورتحال مد نظر رکھتے ہوئے اندرونی اور بیرونی مسائل حل کرنے کیلئے بات چیت شروع کرے۔ نیشنل کانفرنس نے وزیر داخلہ کو ایک یاداشت بھی پیش کی۔اتوار کو نیشنل کانفرنس کار گزار صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی سربراہی میں نیشنل کانفرنس وفد نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے نہرو گیسٹ ہاوس میں ملاقات کر کے انہیں وادی کی موجودہ صورتحال ،نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ ، دفعہ 35Aکے علاوہ دیگر معاملات پر بات چیت کی ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نیشنل کانفرنس نے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے ریاست کے خصوصی درجے کی حفاظت کیلئے سامنے آئے ۔ نیشنل کانفرنس نے مطالبہ کیا کہ ریاست کے اندرونی اور بیرونی مسائلحل کرنے کیلئے بات چیت شروع کی جائے ۔نیشنل کانفرنس نے دلی اور اسلام آباد سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے جامع مذاکرات کے ذریعے باہمی معاملات کا مسئلہ حل کریں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس وفد نے راجناتھ سنگھ سے کہا کہ ریاست میں کھلے ذہن سے تمام فریقین کے ساتھ بات چیت شروع کی جائے ۔ مرکزی سرکار پر زور دیا گیا کہ وہ ریاست کی خود محتاری  بحال کرانے کیلئے اقدمات اٹھائیں جو کئی قوانین  لاگو کر کے ختم کی گئی ہے ۔پارٹی وفد نے سیاسی معاملات کو حل کرنے میں فوجی طاقت کے استعمال کو بند کرنے پر زور دیا اور کہا کہ وہ جموں وکشمیر کے ناراض نوجوانوں تک پہنچنے کی کوشش کریں ۔اس دوران لداخ اور کرگل سے تعلق رکھنے والے نیشنل کانفرنس کے وفود نے بھی اپنے اپنے علاقوں کے مسائل وزیر داخلہ کے سامنے رکھے ان مسائل میں لداخ کیلئے پورے سال فضائی پروازیں شروع کرنے پر زور دیا گیاتاکہ سرما کے دوران مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس کے علاوہ زوجیلا ٹنل کیلئے فنڈس دستیاب رکھنے اور کرگل میں سیاحتی سرگرمیوں کو شروع کرنے کیلئے اقدمات اٹھانے پر بھی زور دیا گیا ۔عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے وفد نے راجناتھ سنگھ کے ساتھ جموں وکشمیر اور لداخ کے لوگوں کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اس وقت جو صورتحال ہے اُس پر بات چیت کی گئی ۔ عمر نے کہا کہ  15اگست کو وزیر اعظم ہند کی جانب سے جو بات کشمیر کے حوالے سے کی گئی وہ ریاست جموں وکشمیر کے ہر ایک شہری کے دل کوچھو گئی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ان باتوں کو عملی جامہ پہنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ ریاست کے چار روزہ دورے پر آئے ہیںاور انہیں اُمید ہے کہ دورہ مکمل کرنے کے بعد جب وہ یہاں سے واپس جائیں گے تو وہ ان معاملات پر مرکز میں ضرور بات چیت کریں گے تاکہ وادی کے لوگوں کو اس کا فائدہ مل سکے۔وفد میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر میاں الطاف احمد ، علی محمد ساگر ، مبارک گل ، ناصر اسلم وانی ، چودھری رمضان ، سکینہ یتو ، شمیمہ فردوس ، ڈاکٹر ویری ، محمد اکبر لون ، سید آغا رح اللہ،تنویر صادق ، آغا عباس شامل تھے ۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *