این سی لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں لیڈر منتخب|| عمر عبداللہ اگلے وزیراعلیٰ

Mir Ajaz
6 Min Read

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ کو جمعرات کو متفقہ طور پر لیجسلیچر پارٹی لیڈر (ایل پی ایل)کے طور پر منتخب کیا گیا، جو جموں و کشمیر میں ایک دہائی میں پہلی منتخب حکومت کی تشکیل کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔این سی کے نومنتخب قانون سازوں نے سرینگر میں ایک میٹنگ میں شرکت کی جس کے دوران لیجسلیچر پارٹی لیڈر کے طور پر عمر کے انتخاب کی منظوری دی گئی۔عمر نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا، “میں پارٹی قانون سازوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنا لیڈر منتخب کیا۔”انہوں نے کہا کہ ہمیں 4 آزاد امیدواروں کی حمایت بھی حاصل ہے اور ہم اپنی اتحادی پارٹنر کانگریس کے خط کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ حکومت سازی کا دعوی پیش کیا جا سکے۔عمر نے کہا کہ کانگریس کی طرف سے خط ملنے کے بعد وہ حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کریں گے اورلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے حکومت سازی کی تاریخ طے کریں گے۔عمر نے مزید کہا کہ اب بیوروکریٹس کو ایم ایل ایز کو جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کو جو بہت بڑا مینڈیٹ ملا ہے اس نے ان کے اندر عاجزی کا احساس چھوڑا ہے اور وہ شکرگزار ہیں۔عمر نے کہا ہے کہ نوکرشاہی منتخب حکومت کے سامنے جوابدہ ہے۔عمر دوسری باروزیر اعلیٰ کی کرسی فائز ہونے کے لیے تیار ہیں۔ اگرچہ کم اختیارات کے ساتھ لیکن کہا، ایک ڈی سی (ڈسٹرکٹ کمشنر) اور نہ ہی کوئی ایس پی(پولیس سپرنٹنڈنٹ)کسی ایم ایل اے کو نظر انداز نہیں کر سکتا ہے۔ عمر نے بتایا کہ یہ افسران اب تک کسی کی بات سننے کو تیار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بننے کا انتظار کریں اور دیکھیں کہ لوگ سیکرٹریٹ میں کیسے آتے ہیں۔ آج سیکرٹریٹ کے باہر لگی لائنیں بتاتی ہیں کہ موجودہ انتظامیہ ان لوگوں سے کس قدر منقطع ہو چکی ہے جن کی وہ خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دن سے ایل جی کے ساتھ لڑائی میں پڑنے سے انہیں اپنے ووٹروں کی تشویش دور کرنے میں مدد نہیں ملے گی۔”میں این سی اور بی جے پی کے درمیان ایک لکیر کھینچنے کی کوشش کر رہا ہوں اور جموں و کشمیر حکومت اور مرکزی حکومت کیا کرتی ہے۔ اور اگر ہم اس بات کو یقینی بناسکتے ہیں کہ وہ لکیریں دھندلی نہ ہوں یہ دونوں کے باہمی فائدے کے لیے ہوگا۔عمر عبداللہ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج ثابت کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی اکثریت نے سابق ریاست کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کی حمایت نہیں کی ہے۔انہوں نے کہا’’واضح طور پر، یہ(مینڈیٹ)اس فیصلے کے حق میں نہیں تھا، ہوتا تو بی جے پی جیت جاتی‘‘۔عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی اکثریت نے، 5 اگست 2019 کو جو کیا گیا، اس کی توثیق نہیں کی، یہ ایک حقیقت ہے،ہم سے مشورہ نہیں کیا گیا، اور ہم اس فیصلے کا حصہ نہیں تھے،لیکن اب ہم آگے بڑھیں گے اور دیکھیں گے کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔این سی نائب صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی اپنے سیاسی ایجنڈے کو پیچھے نہیں چھوڑے گی۔
ایم ایل ایز کا شکریہ
عمر عبداللہ نے قانون سازوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں اپنا لیڈر منتخب کیا تاکہ وہ جموں و کشمیر میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کر سکیں۔ عبداللہ نے یہاں پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد صحافیوں کو بتایا”آپ اس فیصلے سے واقف ہیں جو لیا گیا ہے۔ این سی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ ہوئی، لیجسلیچر پارٹی نے اپنے لیڈر کا فیصلہ کیا ہے اور میں دل کی گہرائیوں سے این سی قانون سازوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اپنا اعتماد ظاہر کیا اور مجھے حکومت سازی کا دعوی کرنے کا موقع دیا۔انہوں نے کہا کہ7 میں سے چار آزاد ایم ایل اے نے این سی کو حمایت دی ہے، جس سے پارٹی کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔عبداللہ نے کہاکہ کانگریس کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ انہیں فیصلہ کرنے کے لیے ایک دن کا وقت دیا گیا ہے۔ ایک بار جب وہ ہمیں حمایت کا خط دیں گے تو میں حکومت سازی کا دعوی کروں گا۔حال ہی میں ختم ہونے والے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں این سی 42 سیٹوں کے ساتھ واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ پارٹی کو 95 رکنی اسمبلی میں اکثریت حاصل ہے کیونکہ اس کی اتحادی جماعتوں کانگریس اور سی پی آئی (ایم) نے بالترتیب چھ اور ایک سیٹ جیتی ہے۔

Share This Article