جموں//مرکزی وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے ریاست کی اپوزیشن جماعتوں پر علیحدگی پسندوں کی نقش قدم پر چلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مغربی پاکستان سے آئے ہوئے مہاجرین کو شناختی کارڈ اجرا کرنا ایک ایسا انسانی نوعیت کا مسئلہ ہے جس پر تنازعہ کھڑا کرنا غیر ضروری ہے ۔ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر کاکہناتھا کہ ان مہاجرین نے جموں و کشمیر کو اپنا گھر چنا جنہیں نظرانداز نہیں کیاجاسکتاجبکہ ملک میں رہ رہے انہی کے مماثل افراد ہندوستان کے وزیر اعظم بھی بنے جن میں اندرکمار گجرال اور ڈاکٹر منموہن سنگھ شامل ہیں۔نیشنل کانفرنس اور علیحدگی پسندوں پر اس مسئلے کو سیاست کاشکار بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے جتیندر سنگھ نے کہاکہ نام نہاد مین سٹریم جماعتوں نے بھی علیحدگی پسندوں کانقش راہ اپنایاہواہے ، وہ جب اقتدار میں ہوتی ہیں تو یہ تسلیم کرتی ہیں کہ جموں کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے لیکن جب اقتدار سے محروم ہوجاتی ہیں تو ریاست کے تشخص پر سوال اٹھانے لگتی ہیں ۔سنگھ کاکہناتھاکہ یہ غیر ضروری تنازعہ ہے ،مہاجرین کو صرف اس لئے نظرانداز نہیں کیاجاسکتاکہ انہوںنے تقسیم برصغیر کے وقت جموں کشمیر کو اپنا مسکن چنا۔انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس اور دیگر حلقوں کی طرف سے یہ گمراہ کن باتیں کی جارہی ہیں کہ مہاجرین کو اقامتی اسناد جاری کئے جانے سے دفعہ 370کو نقصان پہنچے گا اور ریاست کا تشخص پامال ہوگاجبکہ ریاستی حکومت نے دوروز قبل واضح طور پر کہاہے کہ ایسی افواہیں ریاست کو نقصان پہنچانے کیلئے پھیلائی جارہی ہیںجو کسی بھی طور پر ریاست کے عوام کی سیاسی اور اقتصادی ترقی کے مفاد میں نہیں۔