سرینگر// فریڈم پارٹی نے کلگام میں پی ڈی پی کی طرف سے منعقد کئے گئے چند لوگوں کی انتخابی ریلے کے خلاف عوامی ردعمل کو جرات مندانہ اور قابل تقلیدقرار دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے ہمارے معصوم بچوں کو قتل کیا اور بینائی چھین لی ،وہ اسی برتاﺅ کے مستحق ہیں ۔بیان میںاس امید کا اظہار کیا گیاہے کہ جنوبی کشمیر ،سرینگر ،بڈگام اور گاندربل سمیت سبھی علاقوں میں قاتلوں اور سوداگروں کو اسی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گااور انہیں یہ بتایا جائے گا کہ پیلٹ کا قہر ڈھانے والے اور فرقہ پرست عناصر کو شہہ دینے والے عزت و احترام کے بجائے دھتکارے جانے کے قابل ہیں ۔ادھر پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے پارلیمانی انتخابات کو ایک تماشہ اور مضحکہ خیزکھیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے ہمارے ہاتھ پاﺅں باندھ کر جس یک طرفہ جیت کا اعلان کررکھا ہے وہ کسی مذاق سے کم نہیں۔انھوں نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی خاطر یہ کسی بھی گھناونی حد کو پار کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں ۔انھوں نے بھارت نواز سیاسی جماعتوںکی قلابازیوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کل تک طارق حمید قرہ بی جے پی کی گود میں بیٹھ کر نیشنل کانفرنس کو پانی پی پی کر کوس رہا تھااور آج ان ہی کے چھتر چھایا میں این سی کے گیت گاتا نظر آرہا ہے ۔شبیر احمد شاہ نے اسے موقع پرستی کی انتہا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جولوگ میلی قمیصوں کی طرح نظریات اور جتھے بدلتے ہیں ،ان سے خیر کی امیدرکھنا ،بادلوں سے آگ طلب کرنے کے مترادف ہے ۔شبیر احمد شاہ نے حکمران جماعت کو چلینج دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیں عوام تک اپنا موقف رکھنے کی اجازت دیں ،تو ہم ثابت کریں گے کہ قد و کاٹھ کے لحاظ سے وہ کسی محلہ کمیٹی کے منتظم بننے کے لائق بھی نہیں ،کجا کہ وہ حکمرانی کا دعوای کریں اور پیلٹ اور پاوا کے بل پر لوگوں کی شہہ رگ مارے ۔شبیر احمد شاہ نے واضح کیا کہ ہمیں اس بات میں شک نہیں کہ یہ لوگ فرضی ووٹوں کے تناسب کو بڑا چڑھاکر کہیں گے کہ ہم نے انتخابی میدان مارلیا ،لیکن صرف ایک بار ہمیں لوگوں سے ملنے کی اجازت دی جائے تو ہم دکھادیں گے کہ یہ لوگ کتنے پانی میں ہیں۔