سرینگر// پیپلز کانفرنس سربراہ سجاد غنی لون نے ریاست کی دو اہم علاقائی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں سے وابستہ افراد کو اپنی تنخواہوں، سی ڈی ایف اور سرکاری کوٹھیوں کا بھی بائیکاٹ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 25 سال تک بائیکاٹ کیا اور اب وہ (این سی اور پی ڈی پی) 25 سال تک بائیکاٹ کریں۔ سجاد لون نے پیر کے روز بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ میں حصہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا’ اگر وہ ووٹ ڈالنا نہیں چاہتے ہیں اور بائیکاٹ کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔ ہم نے بھی 25 سال تک بائیکاٹ کیا۔ اب یہ 25 سال تک بائیکاٹ کریں، کوئی بات نہیں، ہم نے دیکھا ہے کہ اس میں کیا ہوتا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’باقی اگر وہ سنجیدہ ہیں، تو ان کے ممبر اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ ہیں، وہ استعفیٰ دے سکتے ہیں، وہ اپنی تنخواہوں کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں، سی ڈی ایف کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں، غریب کے ووٹ کا بائیکاٹ کرنے سے کیا ہوگا، وہ جن کوٹھیوں میں رہتے ہیں، ان کا بائیکاٹ کریں، بائیکاٹ کرنے کے اور بھی طریقے ہیں‘۔ سجاد لون نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات قصبوں کی بہبودی کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا اور آج ہم ان کے حق میں ووٹ دے رہے ہیں۔ یہ میونسپل انتخابات ہیں، قصبوں کی بہبودی کے لئے ہیں، جمہوری ٹیم چننا ہمارا جمہوری حق ہے، یہ زمینی سطح کی جمہوریت ہے‘۔