سرینگر//پارلیمانی حلقہ انتخاب سرینگر بڈگام کے لئے انتخابی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے سنیئر پی ڈی پی لیڈر اور کابینہ وزیر عمران رضا انصاری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک ہاری ہوئی جنگ لڑ رہی ہے ۔جمعہ کو چاڈورہ کے مختلف علاقوں میں عوامی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران رضا انصاری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنی دوغلی پالیسوں کی وجہ سے عوام کے سامنے ایکسپوز ہوچکی ہے اور رائے دہندگان نے جہاں پہلے ہی انہیں اپنے کارناموں کی وجہ سے رد کاہے وہیں دوبارہ اب یہ پارٹی کانگریس کاسہارا لیکر اپنے وجود کو بچانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔اس سے قبل عمران انصاری،جو سرینگر پارلیمانی نشست کے لئے پارٹی کے انچارج بھی ہیں،نے سرینگر میں پارٹی کی ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی جس میں پارٹی امیدوار نظیر احمد خان سمیت دیگر پارٹی عہدداروں اور ممبران قانون سازیہ نے شرکت کی جن میں تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر ،وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ،ممبران قانون سازیہ خورشید عالم،نور محمد بٹ ،محمد اشرف میر ،عابد انصاری ،سیف الدین بٹ ،ڈاکٹر شفیع احمد،بشیر احمد میر اور منتظر محی الدین شامل ہیں۔عمران انصاری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس میں قحط الرجال اس قدر ہے کہ پارٹی کو سرینگر میں امیدوار بھی نہیں ملا جس کے بعد انہیں فاروق عبداللہ کو میدان میں اُتارنا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے نہ صرف لوگوں کو بلکہ اپنے کارکنوں کے ساتھ بھی دھوکہ کیا ۔