بانہال // نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کام کرنے والے ڈاکٹروں اورنیم طبی عملے کے ہڑتال کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر واقع ضلع ہسپتال رام بن اور ایمرجنسی ہسپتال بانہال سمیت درجنوں طبی مراکز میں روز مرہ کا کام بْری طرح سے متاثر ہے ۔ ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے چھوٹے بڑے طبی مراکز میں کئی شعبے بْری طرح سے متاثر ہیں اور مریضوں کو وادی کشمیر اور جموں کے ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ ایکسرے اوردیگر ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو جموں اور وادی کا سفر کرنا لازمی بن گیاہے۔ہڑتال کی وجہ سے ضلع ہسپتال رام بن ، ایمرجنسی ہسپتال بانہال ، بٹوٹ ، گول، سنگلدان ، منگت ، ترگام ، اکڑال ، راج گڑھ ، بٹھنی وغیرہ کے طبی مراکز کے علاوہ تین کمیونٹی ہیلتھ سینٹر ، نو پرائمری ہیلتھ سینٹر، 21 این ٹی پی ایچ سی ، 85 سب سینٹروں اورپانچ پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں روزمرہ کا کام بْری طرح سے مفلوج ہوکر رہ گیا ہے اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر تنویر راتھر کا کہنا ہے کہ مستقل ڈاکٹر اضافی وقت دیکرمریضوں کا معائنہ کررہے ہیں۔