سرینگر //نیشنل ہیلتھ مشن ایمپلائز اور دیگر مرکزی اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال 28ویں روزبھی جاری رہی۔منگل کو ہڑتالی ملازمین نے سڑکوں پر احتجاجی کرنے کے بجائے پرتاپ پارک میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کرکے250مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کرنے کے علاوہ ادویات بھی مفت فراہم کی۔ اپنی مستقلی اور دیگر مطالبات کو لیکرجموں ، کشمیر اور لداخ میں احتجاجی ہڑتال پر بیٹھے نیشنل ہیلتھ میشن ایمپلائز اور دیگر مرکزی معاونت والی اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے کل 28ویں دن بھی سرینگر کی پر تاپ پارک میں احتجاجی دھرنا دیا اور نعرہ بازی کی ۔ پارک میں احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ڈاکٹروں اور طبی عملے نے بطور احتجاج ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا جس دوران 250مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کیا گیا ۔ایسوسی ایشن کے ترجمان اعلیٰ عبدالروف نے بتایا کہ مفت طبی کیمپ کا انعقاددوسری مرتبہ کیا گیا تاکہ یہ بات واضح ہوسکے کہ ہم ہڑتال میں بھی کام کرنے اور لوگوں کی خدمت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ریاستی سرکار انکی مانگوں کو پورا کرنے کی وہ ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔ادھر جموں میں بھی ملازمین نے پریس کلب میں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ اس سے قبل 4جنوری کو این ایچ ایم ملازمین نے پرتاپ پارک میں احتجاج کے دوران 300مریضوں کا علاج و معالجہ کیا تھا ۔