گندو//نیشنل ہیلتھ مشن(این ایچ ایم) ملازمین بلاک ٹھاٹھری کی ایک میٹنگ ٹھاٹھری میں منعقد ہوئی جس میں مختلف مسائل پر آپسی تبادلۂ خیالات عمل میں لایا گیا اور بلاک ٹھاٹھری میں این ایچ ای ملازمین کو درپیش مشکلات کے ازالہ کے لئے کیا اقدامات اُٹھائے جائیں اس بارہ میں بھی تفصیل سے بحث کی گئی۔اس موقع پر مختلف مقررین نے این ایچ ایم ملازمین کو متحد ہو کر اپنے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کرنے کی ضرورت پر دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی جدوجہد تب تک جاری رہے گی جب تک کہ ریاست میں این ایچ ایم اسکیم کے تحت کام کرنے والے محکمہ صحت کے ملازمین کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا اور اُن کے مطالبات کو پورا نہیں کیا جاتا۔اس موقع پر این ایچ ایم یونین صوبہ جموں کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر عبدالحمید پڑے ،ضلع صدر فیضان علی ترمبو ،سینئر ایڈوائزر این ایچ ایم یونین ڈوڈہ ڈاکٹر ناصر مسعود اندرابی اور سینئر ایگزیکٹیو ممبر سریندر کمار کی نگرانی میں بلاک کمیٹی تشکیل دی گئی اور انتفاقِ رائے سے ڈاکٹر پرتیبھا ڈوگرہ کو چیئرمین،ڈاکٹر وجے کوتوال کو جنرل سیکریٹری،ڈاکٹر نازش کو سیکریٹری،ڈاکٹر شازیہ شکیل کو ترجمان،کشور کمار اور ونے کمار کو خزانچی،فاروق احمد کو پبلسٹی سیکریٹری،ڈاکٹر منصور حسین گنائی کو ایڈوائزر،رنکو دیوی کو خاتون رابطہ کار اور سمن دیوی کوآشا رابطہ کار منتخب کیا گیا۔اس موقع پر این ایچ ایم ایمپلائز ایسوسی ایشن ضلع ڈوڈہ اور چناب خطہ کی ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر پون کوتوال کو کمشنر سیکریٹری ہیلتھ تعینات کرنے کے ریاستی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُنہیں خوش آمدید کہا ہے۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر پون کوتوال کے بطورِ کمشنر سیکریٹری محکمہ صحت تعیناتی سے محکمہ دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گا کیوں کہ وہ ایک ایماندار،دیانت دار،قابل اورمحنتی آفیسر ہیں اور اُن میں بھر پور انتظامی صلاحیت پائی جاتی ہے۔