جموں//سڑک رابطوں کو بڑھاوا دینے کے جامع پروگرام کی ایک کڑی کے طور پر نیشنل ہائی ویز ایند انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ ( این ایچ آئی ڈی سی ایل) ریاست میں پانچ بڑے ٹنلوں اور پانچ اہم سڑک پروجیکٹوں پر کام کر رہی ہے۔یہ جانکاری آج کارپوریشن کے منیجمنٹ ڈائریکٹر آنند کمار نے تعمیرات ِعامہ کے وزیر نعیم اختر کے ساتھ جموں میں ایک میٹنگ کے دوران دی۔انہوںنے کہا کہ سرینگر۔ کرگل ۔ لیہہ شاہراہ پر گگن گیر کے نزدیک 6.5کلومیٹر لمبے زیڈ موڑ ٹنل پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ اسی شاہراہ پر تعمیر ہو رہے 14کلومیٹر لمبے زوجیلہ ٹنل پر کام اس سال اگست مہینے سے شروع ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اننت ناگ۔سنتھن۔ کشتواڑ سڑک اور مغل روڑ پر تعمیر ہو رہے د و مزیدٹنلوں پر کام اگلے برس شروع ہوگا اور ان ٹنلوں کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کے لئے کارپوریشن نے پہلے ہی بِڈطلب کئے ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر نے مزید جانکاری دی کہ کارپوریشن ریاست میں پانچ اہم سڑک پروجیکٹوں کو بڑھاوا دینے کی ضمن میں کام کر رہی ہے۔ ان پروجیکٹوں میں بٹوت۔ کشتواڑ۔ سنتھن پاس ۔ اننت ناگ سڑک ، 67 کلومیٹر لمبی اوڑی ۔ پونچھ سڑک ، 39کلومیٹر لمبی بارہمولہ۔ باباریشی۔ گلمرگ سڑک ، جموں ۔ اکھنور۔پونچھ شاہراہ اور چیننی ۔ سدھ مہادیو ۔ گوہا سڑک پروجیکٹ شامل ہیں۔آنند کمار نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کے لئے تکنیکی افرادی قوت کا انتظام مقامی طور کیا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے کچھ انجینئر ٹنل تعمیر کرنے کے کام میں ماہر ہوئے ہیں اور ان کے تجربے کو ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بروئے کار لایا جاتا ہے۔وزیر نے ریاست میں این ایچ آئی ڈی سی ایل کی طرف سے مقامی کار خانہ داروں کی صلاحیتوں کو بڑھاوا دینے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔