سرینگر//پردیش کانگریس نے این ایچ ایم ملازمین کے مطالبات کو جائز ٹھہراتے ہوئے ریاستی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ملازم دوست پالیسی اختیار کرکے مسائل کو افہام وتفہیم کے ذریعے حل کریں ۔حریت (ع) نے اپنے بیان میں محکمہ صحت سے وابستہ ملازمین پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور پُر تشدد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اپنے جائز مطالبات کو لیکر احتجاج کررہے ملازمین کیخلاف ظلم و تشدد سراسر غیر جمہوری عمل ہے اور اس سے سرکاری سطح پر جمہوریت کے دعوے سراب ثابت ہوئے ہیں ۔پردیش کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے ریاستی ملازمین پر طاقت کے استعمال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ این ایچ ایم ملازمین کے مسائل کو پر امن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔ موصولہ بیان کے مطابق پردیش کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے این ایچ ایم ملازمین پر طاقت کے استعمال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار اپنے ملازمین کیخلاف سخت رویہ اپنا رہی ہے جو کہ افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے این ایچ ایم ملازمین کے مطالبات کو جائزٹھہراتے ہوئے ریاستی سرکار پر زور دیا کہ وہ ملازمین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی این ایچ ایم ملازمین کی حمایت میں ہے اور کانگریس پارٹی چاہتی ہے کہ این ایچ ایم کے ملازمین کے مسائل بغیر کسی تاخیر کے حل ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ملازمین پر لاٹھی چارج کرنا جمہوری اصولوں کے خلاف ہے کیونکہ ملازمین سرکا رکے ہاتھ پائو ںہوتے ہیں۔نیشنل ہیلتھ میشن ملازمین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایمپلائز جوئنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے کہا کہ ملازم اتحاد این ایچ ملازمین کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرے گا۔ جموں میں ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے عبدالقیوم وانی نے این ایچ ایم ملازمین پر پولیس کے لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پڑھے لکھے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ملازمین پر لاٹھی چارج سے ملازمت فراہم کرنے والے اور ملازمین کے درمیان رشتے متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے ملازمین پر لاٹھی چارج کی وجہ سے متعدد ملازمین زخمی ہوگئے ہیں اور کئی کو گرفتار کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔ عبدلقیوم وانی نے کہا کہ احتجاجی ملازمین مستقلی کا مطالبہ کررہے ہیں مگر انکے مطالبات سننے کے بجائے انکی آواز کو دبانے کیلئے طاقت کا بے تحاشہ استعمال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایمپلائز جوئنٹ ایکشن کمیٹی نیشنل ہیلتھ میشن کے ملازمین کے ساتھ تب تک کھڑی رہے گی جب تک نہ انکے جائز مطالبات کو منظور کیا جائے گا۔