این آئی اے کے9مقامات پر چھاپے

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر+کپوارہ//تفتیشی ادارے )این آئی اے) نے شمالی و وسطی کشمیر میں بیک وقت درجنوں مقامات پر ایک سرکردہ تاجر کے رشتہ داروں اور مزاحمتی لیڈر  کے گھر پرچھاپہ مارکارروائی کرتے ہوئے دستاویزات اور دیگر چیزوں کو کھنگالا۔ مزاحتمی قیادت کے خلاف جاری کریک ڈائون کے بیچ قومی تحقیقاتی ایجنسی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیںمنگل کی شب سرینگر وارد ہوئیں اور بدھ صبح ہوتے ہی ٹیم نے سرینگر کے ساتھ ساتھ بارہمولہ، ٹنگمرگ اور ہندوارہ میں بیک وقت ایک درجن مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کیا۔ ٹیم نے کپوارہ کے ہندوارہ میں باکی ہاکر اور مچھی پورہ میں چھاپہ ڈالے اور کئی مکانات کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی انجام دی ۔ مچھی پورہ میں ایک معروف تاجر کے ڈرائیور کے مکان کی تلاشی لی گئی  ۔اس دوران این آئی اے کی ٹیم نے باکی ہاکر جاکروہا ں مذکورہ تاجر کے باورچی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور مکان کی تلاشی اور افراد خانہ سے پوچھ تاچھ کی ۔ اس دوران سرینگر میں مذکورہ تاجر کے کچھ سگے رشتہ داروں کے گھروں میں بھی چھاپے ڈالے گئے۔معروف تاجر کی قائم کردہ ایک پلائیوڈ فیکٹری کے اکوٹنٹ کے گھر کی تلاشی بھی لی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ آلوچی باغ میں بھی ایک رہائشی مکان کی تلاشی لینے کے دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ شہر کے پیر باغ حیدر پورہ علاقے میں عمر آبادمیں مذکورہ تاجر کے ایک رشتہ دار کے گھر کی تلاشی لی گئی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ صبح ساڑھے6بجے این آئی اے کی ایک ٹیم نے مزاحمتی لیڈر اور سرکردہ وکیل ایڈوکیٹ محمد شفیع ریشی کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا اور کئی گھنٹوں کی تلاشی کے دوران گھر کا کونا کونا چھان مارا۔ اب تک 8سینئر مزاحتمی لیڈران کو حراست میں لیکر نئی دلی منتقل کیا جاچکا ہے۔اس کے علاوہ محمد اسلم نامی ایک اور شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جس پر حوالہ رقومات کے لین دین کا الزام ہے۔این آئی اے کی ٹیم نے تارہامہ کنزر ٹنگمرگ میں ایک شخص کے گھر پر بھی چھاپہ ڈالا جو کہ معروف تاجرکے ایک کارخانے کا اہم ملازم ہے ۔ اس کے علاوہ این آئی اے کی ایک اور ٹیم نے مازہامہ ماگام میں بھی ایک گھر میں چھاپہ ڈالا اور یہاں بھی بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *