سرینگر//حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کو نسل کے چیرمین سید صلاح الدین نے متحدہ جہاد کو نسل کے ایک اعلیٰ سطحی اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کل کہا کہ سیاسی اور عسکری مزاحمت کے سامنے ناکام ہونے کے بعد بھارتی حکو مت نے کشمیری قائدین کو جان سے مارنے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی موجودہ سرکار نے ایک طرف نہتے کشمیریوں کو بلٹ اور پیلٹ کے ستعمال سے قتل اور نا بینا کرنے کا سلسلہ تیز کیا ہے وہیںدوسری طرف مسلمہ قیادت کی کردار کشی کرنے کے ساتھ ساتھ انکو صفحہ ہستی سے مٹا نے کی بھی سازش رچائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کا زندہ ثبوت یہ ہے کہ شبیر احمد شاہ کو پابہ زنجیر کرکے گندی اور تنگ و تاریک ٹارچر سیل میں مسلسل تعذیب کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور زندگی کی بنیادی سہولتوں سے ان کو مکمل طور پر محروم رکھا جارہا ہے ۔اس طرح ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں ۔ اسی طرح آسیہ اندرابی ،الطاف احمد شاہ ،نعیم احمد خان ،شاہد الاسلام ،پیر سیف اللہ ،ایاز اکبر اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ بھی ناروا سلوک کیا جارہا ہے،جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔سید صلاح الدین نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنی مسلمہ قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور اس اعتماد کو سازشی حر بوں سے متزلزل نہیں کیا جا سکتا ۔کشمیری قوم بھارتی ایجنسیوں کے مکروہ عزائم سے واقف ہے اور ان عزائم کو ناکام کرنے میں ماضی میں بھی اپنا کردار ادا کرچکی ہے اور اس وقت بھی یہ مکروہ سازشیں اور حربے ناکام ہونگے ۔متحدہ جہاد کو نسل کے سربراہ نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ عالمی برادری اور عالمی اداروں کو کشمیر کی گھمبیر صورتحال اور بھارتی عزائم سے باخبر کرنے میں اور بھارت پر عالمی دبائو بڑھانے میں اپنا کردار کرے۔انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ محبوس کشمیری قیادت کے ساتھ غیر انسانی سلوک روکنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔اجلاس میں ہفتہ رفتہ کے دوران جان بحق افراد کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا گیا اور ان کے حق میں بلندی درجات کی دعا کی گئی ۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر ہر محاذ پر پوری پوری قوت سے جاری رہیگی۔