سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے تحریک حریت کے مرکزی ذمہ دار اور الطاف احمد شاہ کو این آئی اے (NIA)کے ذریعے دلی بُلانے اور وہاں پوچھ گچھ کے نام پر انہیں ہراساں اور تنگ طلب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض سیاسی انتقام گیری کا شاخسانہ ہے، جس کے تحت الطاف اور تحریک حریت کے دوسرے ذمہ داروں کو فرضی معاملات میں ملوث کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ این آئی اے کو ایک جنگی حربے کے طور پر بیچ میں لایا گیا ہے اور اس سارے عمل کا اصل مقصد کشمیریوں کی مزاحمتی تحریک کو کمزور کرانا ہے۔ آزادی پسند رہنما نے کہا کہ 2002میں بھی مجھے اور میرے رشتہ داروں اور دوسرے قریبی ساتھیوں کو اسی طرح سے فرضی کیسوں میں پھنسانے کی کوشش کی گئی تھی، البتہ اس طریقے سے تب کوئی فائدہ ہوا تھا اور نہ اب اس سے کوئی نتیجہ نکالا جانا ممکن ہے۔