سرینگر// قومی تحقیقاتی ایجنسی نے حوالہ فندنگ کیس کے سلسلے میں نوہٹہ کے ایک تاجر کے گھر پر چھاپہ مار کر وہاں تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔ اس دوران مذکورہ تاجر کے بھائی سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ این آئی اے اہلکاروں نے دلی میں مبینہ طور حوالہ نیٹ ورک بے نقاب کے سلسلے میں کیس درج کیا تھا اور اسی تحقیقات کی کڑی کے طور منگل کی صبح نوہٹہ میں چھاپہ مارا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے اہلکاروں کا یہاں گذشتہ ہفتے چھاپہ مارنے کا منصوبہ تھا تاہم علاقے میں لاء اینڈآرڈر کی صورتحال خراب ہونے کے نتیجے میں اسے ملتوی کیا گیا ۔مذکورہ تاجر اعجاز حکاک کو نئی دلی طلب کیا گیا ہے جہاں وہ این آئی اے تفتیش کا سامنا کریں گے ۔واضح رہے کہ این آئی اے نے25ستمبر کو نئی دلی میں محمد سلمان کی رہائش گاہ کی تلاشی کی جبکہ حوالہ آپریٹرمحمد سلیم کی دریاگنج رہائش گاہ اور راجارام ساکن کوچہ اگسی رام کے گھروں پر چھاے مارے اور وہاں سے1.56کروڑ روپے نقد برآمد کئے جن میں 43000نیپالی کرنسی،14موبائل فون ،5پین ڈرائیو اور متعدد غیر قانونی دستاویزات بھی شامل ہیں۔اس کے ساتھ ہی ایجنسی نے نئی دلی میں فلاح انسانیت فائونڈیشن کے محمد سلیم ،حوالہ آپریٹرمحمد سلیم عرف ماما اور سجاد عبداللہ وانی ساکن سرینگر کو گرفتار کرلیا۔این آئی اے کے مطابق فلاح انسانیت فائونڈیشن لاہور میں جماعت الدعوہ چیف حافظ محمد سعید کی تنظیم ہے اور اس تنظیم کو امریکہ نے2010میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا ۔ایجنسی ذرائع کے مطابق گرفتار شدہ افراد نے بتایا کہ ضبط شدم رقم کا 50فیصد مذکورہ تاجر اعجازحکاک کا ہے ۔