عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//این آئی اے ایکٹ، سرینگر کے تحت خصوصی نامزد عدالت نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں محمد یوسف شاہ عرف سید صلاح الدین ولد غلام رسول شاہ ساکن سوئیہ بگ، بڈگام کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام)ایکٹ اور کو آر پی سی کے تحت سنگین الزامات کے سلسلے میں پیش ہونے کیلئے کہا گیا ہے۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ عدالتی ریکارڈ کے مطابق، ایک چالان دائر کیا گیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم نے UA(P) ایکٹ کی دفعہ 13 اور 18 اور RPC کی دفعہ 505 کے تحت جرم کا ارتکاب کیا ہے جس کی ایف آئی آر نمبر 64/2012 تھانہ زکورہ میں درج کی گئی ہے۔اس کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے جانے کے باوجود، قانون نافذ کرنے والے حکام نے اطلاع دی ہے کہ ملزم کا سراغ نہیں لگایا جا سکا اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مفرور ہے یا گرفتاری سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر اپنے ٹھکانے کو چھپا رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حالات کی روشنی میں، عدالت نے باضابطہ طور پر ملزم کو مفرور قرار دیا ہے اور ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں اس کے خلاف لگائے گئے الزامات کا جواب دینے کے لیے 30 اگست 2025 کو یا اس سے پہلے عدالت میں پیش ہونے کیلئے کہا گیا ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں مزید قانونی کارروائی ہو سکتی ہے، جس میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 82/83 کے تحت ایک مفرور کی جائیداد کی قرق سے متعلق کارروائی شامل ہے۔