سرینگر// قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے )نے شاہد یوسف کی گرفتار ی کے بعد سید صلاح الدین کے نواسے مزمل احمد خان کے نام سمن جاری کرتے ہوئے اُنہیں دہلی طلب کیا ہے ۔تاہم طبیعت کی ناسازی کے سبب ایجنسی کو کچھ دن تک انتظار کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔صلاح الدین کے فر زند سید شاہدیوسف کو چند روز قبل نئی دہلی میں پوچھ تاچھ کے بعد حراست میں لیا گیا اور انکی7روزہ ریمانڈ بھی حاصل کی گئی ہے ۔صلاح الدین کے فر زند کی گرفتاری کے بعد نواسے کے نام بھی سمن جاری کیا گیا ہے ۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ مزمل احمد خان کے نام سمن جاری کر تے ہو ئے پوچھ تاچھ کیلئے نئی دہلی طلب کیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی بڈگام تیجندر سنگھ سمن لیکر گھر آئے تھے لیکن چونکہ مزمل احمد بیمار ہیں اس لئے ایس ایس پی سے استدعا کی گئی کہ وہ ایجنسی تک یہ اطلاع فراہم کریں کہ مزمل احمد کو کچھ دن کا وقفہ دیا جائے تاکہ وہ روبہ صحت ہوکر دلی جاسکیں۔مزمل احمد ایک طالب علم ہیں اور دھرمنہ سوئیہ بگ کے رہنے والے ہیں۔
سیاسی انتقام گیری:گیلانی
نیوز ڈیسک
سرینگر // حریت(گ) چیئر مین سید علی گیلانی نے جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین کے گھر پر NIAکی جانب سے چھاپہ کی کارروائی اور ان کے نواسے مزمل احمد خان کو دہلی طلب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاروائیاں سیاسی انتقام گیری کے نتیجے میں عمل میں لائی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موصوف ایک طالب علم ہیں اور اس طرح انہیں تنگ طلب کرکے ان کے تعلیمی کیرئر کو تباہ کرنے کی دانستہ کوشش کی جارہی ہے ۔ گیلانی نے سید صلاح الدین کے خلاف اس طرح کی کاروائیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے سلسلے میں ان کی جدوجہد پر اثر انداز ہونے کے لئے ایسے بہیمانہ ہتھکنڈے آزمائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے حکام کی ایماء پر مزمل احمد خان کے خلاف سمن جاری کرکے ایک جانب ان کے اہل خانہ کو ذہنی کوفت کا شکار بنایا جارہا ہے اور دوسری طرف ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔ گیلانی نے معروف دینی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائک کے خلاف بھارتی حکومت کی جانب سے چارج شیٹ دائر کئے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذاکر نائک نے IRFاور Peace Tv کی نشریات کے ذریعے کبھی بھی انتہا پسندی یا انسانی سماج میں تفریق پر مبنی کسی بھی پروگرام کی ترویج نہیں کی بلکہ ہمیشہ اسلام کے پُر امن پیغام کو دوسروں تک پہنچاتے ہوئے انسانیت کی اعلیٰ خدمت انجام دی ہیں ۔