سرینگر // این آئی اے نے وادی میں تین روز قیام کے دوران مزید 8افراد کو حراست میں لیا اور انہیں نئی دہلی اپنے ساتھ لے گئی۔ذرائع سے کشمیر عظمیٰ کو معلوم ہوا ہے کہ کپوارہ پولیس سٹیشن میں گرفتار جنگجو ذبیع اللہ سے پوچھ تاچھ کرنے کے بعد این آئی اے نے سرینگر اور بعض ذرائع کے مطابق پلوامہ کا دورہ بھی کیا۔ تین افسران پر مشتمل ٹیم منگل کی صبح ساڑھے دس بجے دلی واپس روانہ ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹیکنیکل ائر پورٹ پر بی ایس ایف کے ایک ہیلی کاپٹر میں این آئی اے ٹیم اپنے ساتھ 8افراد کو بھی لے گئی۔معلوم ہوا ہے کہ ان میں سے 3افراد کی آنکھوں پر بٹی باندھی گئی تھی جبکہ 5افراد کے ہاتھ پیچھے کی طرف باندھے گئے تھے۔بظاہر سبھی نوجوان دکھائی دے رہے تھے تاہم گرفتار افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کچھ روز کے بعد این آئی اے کی ٹیم دوبارہ وادی آرہی ہے جس کے دوران وہ گرفتار جنگجو کو اپنے ساتھ لے گی۔