نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے )نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے سرحد پار سے ہونے والی فنڈنگ اور جعلی کرنسی پر تقریباپوری طرح سے قابو پالیا ہے جس سے دہشت گردوں کے حوصلے پست ہوئے ہیں ۔راج ناتھ سنگھ نے این آئی اے کے نئے ہیڈکوارٹر کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ اس ایجنسی نے آٹھ سال کی قلیل مدت میں ہی غیرجانبدارانہ جانچ سے لوگوں کے درمیان اپنی اعتباریت اور ساکھ بنائی ہے ۔اس کی معتبریت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے ذریعہ حل کئے گئے 95فیصد معاملوں میں ملزم قصور وار ثابت ہوئے ہیں ۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ جانچ ایجنسی اسی طرح پیشہ وارانہ طریقہ سے کام کرتے ہوئے معتبریت قائم رکھے گی اور اسکی ساکھ اور بہترہوگی ۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کی فنڈنگ میں جعلی کرنسی کی کافی اہمیت ہے اور این آئی اے نے سرحد پار سے جعلی کرنسی کی اسمگلنگ پر روک لگانے میں کافی حد تک کامیابی حاصل کی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس سے دہشت گردی کی فنڈنگ کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور دہشت گردوں کے حوصلے پست ہوگئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ جس طرح سے جانچ ایجنسی کام کررہی ہے اس سے سرحد پار سے آنے والے دھن وسائل پر جلد ہی پوری طرح سے قابو پا لیاجائیگا۔ انھوں نے کہا کہ این آئی اے نے اب تک 166معاملوں میں سے 137میں خصوصی عدالتوں میں فردجرم داخل کی ہیں جن پر کبھی کسی طرح کا سوال نہیں اٹھایا گیا۔ان میں سے 30معاملوں میں فیصلہ آگیاہے ،جن میں 28میں ملزمان کو قصوروار پایا گیا ہے ۔انھوں نے کہاکہ جانچ ایجنسی نے دہشت گردی کی فنڈنگ کے سلسلہ میں بھی 47معاملے درج کئے ہیں ۔اس کے علاوہ داعش سے جڑے لوگوں کے سلسلہ میں بھی 21معاملے درج کئے گئے ۔ انھوں نے کہاکہ دہشت گردی کسی بھی مہذب قوم کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لیکن ہندستان اس لعنت کا مقابلہ کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔وزیر اعظم نریندرمودی نے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اہم ملکوں کی مدد سے دہشت گردی کے مسئلہ کو پرزور طریقہ سے اٹھایا ہے جس سے دہشت گردی کو بڑھاوادینے والے ملکوں پر دباؤبڑھا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے امتحان میں ہندستان پوری طرح سے پاس ہوا ہے ۔یواین آئی