سری نگر//نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی ) حضرت بل سری نگر میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات کے دوران 6 ہوسٹل کمرے خاکستر ہوئے ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی(این آئی ٹی ) حضرت بل میں آگ کی واردات رونما ہوئی ۔
انہوں نے بتایا کہ 12بجکر 22منٹ پر فون کال موصول ہونے کے ساتھ ہی فائر ٹینڈر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی ۔اُن کے مطابق کئی گھنٹوں کی انتھک کوشش کے بعد فائر اینڈا یمرجنسی عملے نے آگ پر قابو پایا ۔
سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ آگ کی اس واردات کے دوران جہلم ہوسٹل بلاک اے کے 6 کمرے اور لابی مکمل طورپر خاکستر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اُن کے مطابق پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔