جموں+سرینگر// اتوار کوین آئی اے نے معروف وکیل دیویندر سنگھ بہل عرف رینکو کی بخشی نگر رہائش گاہ پر چھاپہ مار ا اور اس کے بعد اسے حراست میں لے لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ 8رکنی این آئی اے ٹیم جس میں دو ایس پی بھی شامل تھے ، نے اس عمارت پر چھاپہ مارا جس میں بہل کی رہائش گاہ و دفتر واقع ہے ۔ ٹیم نے وادی میں بے چینی پھیلانے کے لئے مبینہ طور پر رقومات مہیا کروانے کے الزامات میں پوچھ گچھ کرنے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا، تلاشی کے دوران وہاں سے 4موبائل فون، ایک ٹیبلٹ اور کچھ دیگر الیکٹرانک آلہ جات کے علاوہ رقومات کے لین دین کے حوالہ سے متعدد دستاویزات بھی اپنے قبضہ میں لی گئیں۔ ابتدائی تفتیش کے بعد این آئی اے کی ٹیم بہل کو اپنے ساتھ کسی نامعلوم مقام پر لے گئی ۔ دیویندر سنگھ بہل ، جو کہ جموں کشمیر پیس فورم نامی ایک تنظیم کے سربراہ بھی ہیں ، بنیادی طور پر ضلع راجوری کے نوشہرہ علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور پچھلے کئی برس سے جموں کے بخشی نگر علاقہ میں مقیم ہیں۔ وکالت کے علاوہ وہ خشک میوہ کا کاروبار بھی کرتے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ موصوف سید علی شاہ گیلانی کے قریبی ساتھی ہونے کے ساتھ ساتھ حریت کانفرنس کے ساتھ بھی وابستہ ہیں۔ حال ہی میں سات حریت پسند لیڈروں کی تفتیش کے دوران بہل کا نام بھی منظر عام پر آیا جس کے بعد این آئی اے نے انہیں حراست میں لے لیا۔ دریں اثنا بجرنگ دل سمیت کئی دیگر دایاں بازو کی ہندو انتہا پسند تنظیموں نے دیویندر سنگھ بہل کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بہل کی ’وطن دشمن‘ سرگرمیوں سے ناواقف تھے۔ اگر چہ سید علی شاہ گیلانی، شبیر شاہ اور دیگر حریت پسند لیڈران بہل کے گھر آیا کرتے تھے ۔قابل ذکر ہے کہ یہ پچھلے دو ماہ کے اندر این آئی اے کا جموں میں دوسرا چھاپہ ہے ، اس سے قبل آر پار تجارت میںملوث دو بیوپار یوں، راگھو اگروال اور کمل اگروال کی گاندھی نگر رہائش گاہ اور ویئر ہاﺅس میں واقع گودام پر بھی این آئی اے نے چھاپہ ماری کی تھی۔یہ دونوں بھائی خشک میوہ جات کے تاجر ہیں۔ دریں اثناءقومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)نے حریت (گ) چیئر مین سید علی گیلانی کے چھوٹے بیٹے کے نام بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں نئی دہلی طلب کرلیا ہے۔اس دوران این آئی اے نے اتوار کو جموں کے ایک مقامی وکیل کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر اسے حراست میں لے لیا۔بتایا جاتا ہے کہ این آئی اے نے سنیچر کو گیلانی کے چھوٹے بیٹے نسیم گیلانی کو بھی دلی طلب کرلیا ہے۔اس سے قبل انکے بڑے ڈاکٹر نعیم گیلانی کو بھی دلی طلب کرلیا گیا ہے۔نعیم گیلانی دلی جانے سے قبل ہی بیمار ہوئے اور انہیں فوری طور پر صورہ اسپتال میںداخل کرایا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔ان کے سینے میں شدید درد محسوس ہوا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر نعیم گیلانی دل کے عراضے میں مبتلا ہیں اور پہلے بھی انکی دو جراحی ہوچکی ہیں۔قبل ازیں این آئی اے نے 7مزاحمتی لیڈروں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں نعیم خان،پیر سیف اللہ،ایاز اکبر،معراج الدین کلوال،شاہد الاسلام،بٹہ کراٹے اور الطاف احمد شاہ شامل ہیں۔