نئی دہلی//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )نے ‘مرکز کے خلاف جنگ چھیڑنے ’اور دہشت گردگروپ انصاراللہ قائم کرنے سے متعلق معاملہ میں دو ملزمان کو گرفتارکیاہے ۔اتوار کو یہاں ایک سرکاری بیان میں بتایاگیاکہ این آئی اے نے سنیچر کو جانچ کے دوران معاملہ سے متعلق دستاویزات اور اشیا برآمد کرنے کے بعد یہ گرفتاری کی ہے ۔این آئی اے نے اطلاع کی بنیاد چنئی میں سیدمحمد بخاری کے گھر اور دفتر میں اور تمل ناڈو کے ناگ پٹنم میں واقع حسن علی اور حارث محمد کے گھروں میں بھی تلاشی لی تھی ۔ این آئی اے نے سنیچر کو تلاشی کے دوران نوموبائل ،15سم کارڈ ،سات میموری کارڈ ،تین لیپ ٹاپ ،پانچ ہارڈ ڈسک ،چھ پین ڈرائیو،دوٹیبلٹ اور تین ڈی وی ڈی کے علاوہ میگزین ،بینر ،نوٹس ،پوسٹر اور کتابوں سمیت اہم دستاویزات بھی برآمد کیے ۔این آئی اے نے تفصیلی جانچ اور تلاشی کے بعد سنیچر کو حسن علی اور حارث محمدکو گرفتار کیا۔این آئی اے کے اہلکاروں نے کہا،‘‘ ملزمان کے خلاف باوثوق ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ انھوں نے ہندستان اور ہندستان سے بارہ رہنے کے دوران دہشت گردگروپ انصاراللہ قائم کرکے ہندستانی حکومت کے خلاف جنگ چھیڑنے کی سازش رچی تھی ۔ان اطلاعات کی بنیاد پر این آئی اے نے سید بخاری ،حسن علی اور حارث محمد کے خلاف 9جولائی کو معاملہ درج کیاتھا۔ ’’اہلکاروں نے بتایاکہ یہ اطلاع بھی ملی ہے کہ ان ملزمان اور ان کے ساتھیوں نے رقم جمع کرکے ہندستان میں اسلامی نظام قائم کرنے کے ارادے کیساتھ دہشت گردانہ حملوں کی تیاریاں کی تھیں ۔