جموں//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست کے ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے کے ساتھ ساتھ اسے ملک کی ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے میں اپنا اہم رول اد ا کریں۔ایس کے آئی سی سی سرینگر میں متعلقہ محکمہ کے افسروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ورثے اور ماحولیاتی توازن کو تحفظ دینے سے جڑے چیلنجوں کا ہر صورت میں مقابلہ کیا جانا چاہئے۔اس موقعہ پر تصدق مفتی نے متعلقہ افسروں سے چنار کو تحفظ دینے کے حوالے سے تجاویز طلب کیں۔انہوں نے کہاکہ اس اہم درخت کو تحفظ دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔وزیر نے وادی بالخصوص شہرسرینگر میں ایک موثر عوامی ٹرانسپورٹ نظام وجود میں لانے کی ضرور ت پر زور دیا ۔ وزیر کو جانکاری دی گئی کہ شہر میں 200مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں بس سٹینڈ قائم کئے جائیں گے تاکہ عوامی ٹرانسپورٹ میں معقولیت لائی جاسکے۔میٹنگ کے دوران شہر سرینگر کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے حوالے سے اقدامات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔وزیر نے بڈگام اور پلوامہ اضلاع میں اینٹ بٹھوں اور سیمنٹ کے کارخانوں سے نکلنے والی آلودگی پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے ہسپتالوں سے نکلنے والے کوڑا کرکٹ کو موثر ڈھنگ ٹھکانے لگانے کی ضرورت کو بھی اُجاگر کیا۔اس میٹنگ میں مختلف محکموں کے اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی۔