سرینگر//گورنمنٹ ایم پی ہائر سکینڈری سکول باغ دلاور خان سرینگر میں کل انٹر زون نعتیہ مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے مہمان خصوصی تھے جبکہ معروف براڈکاسٹر غلام حسن غمگین اور شیخ ظہور احمد، حسرت بلال نے جج کے فرائض انجام دیئے۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمار بنیادی مقصد طالب علموں کو بہتری اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تعلیمی تقاضوں کے عین مطابق طلبہ کو ہر مضمون میں تیار کرنا وقت کی ضرور ت ہے۔انہوں کہا کہ حضرت محمدؐ ہم سب کے رول ماڈل ہونے چاہیے کیونکہ ان کی تعلیمات کا آغاز ہی اقراء (پڑھو) سے ہوا ہے۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کو اسطرح کا نعتیہ مقابلہ منعقد کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقابلے بار بار منعقد ہونے چاہئے کیونکہ بچوں کو اخلاقیات سیکھنا کافی معنی رکھتا ہے بالخصوص رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایسے پروگراموں سے زیادہ ہی فیض حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں کہا کہ ڈائریکٹوریٹ ایسے پروگراموں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر طرح کا تعاون دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ بعد میں ڈائریکٹر موصوف نے طلبہ میں نقد انعامات تقسیم کئے۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر نے اوّل، دوم اور سوم درجہ حاصل کرنے والے طلباء میں اپنی طرف سے انعامات کی نصف رقم موقعہ پر ہی حوصلہ افزائی کے طور ادا کی۔ نعتیہ مقابلہ میں جمیل احمد، ایس پی ہائر سکینڈر ی سکول نے پہلی ،عابد حمید بائز ہائر سکینڈر سکول نواکدل نے دوسری جبکہ گورنمنٹ ایم پی ہائر سکینڈری سکول کے ریاض احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی جنہیں بالترتیب5000 ہزار ،2000 ہزار اور1000 ہزارروپے کے نقد انعامات پیش کئے گئے۔