سرینگر// ایم پی اسکول بابہ ڈیمب میں ناکارہ نکاسی آب نظام کے خلاف لوگوں اور کھلاڑیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کھیل کے میدان کو قابل استعمال بنانے کا مطالبہ کیا۔باغ دلاور خان میں موجود ایم پی اسکول کا میدان غلیظ پانی سے بھر گیا ہے جبکہ مقامی لوگوں اور کھلاڑیوں نے انتظامیہ کے خلاف پیر کو احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرین کاکہنا ہے کہ بار بار یہ معاملہ انتظامیہ کی نوٹس میں لانے کے باوجود بھی ابھی تک نکاسی آب کے نظام کو ٹھیک نہیں کیا گیاجس کی وجہ سے اسکول کے میدان میں پانی جمع ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا ’’پہلے متعلقہ محکمہ نے بغیر سوچے سمجھے اسکول میدان سے گندھے پانے کی پائپ کو نکالااور آئے دن اس کے اوپر سے پانی بہتا ہے جس کی وجہ سے میدان نا قابل استعمال بن چکا ہے۔احتجاجی مظاہرے میں شامل ایک مقامی کھلاڑی عارف احمد نے بتایا کہ کچھ ہفتے قبل،جب ’ہم نے احتجاج کیا تھا،تو انتظامیہ نے اس کو ٹھیک کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا،تاہم انہوں نے کام پورا نہیں کیا،جس کی وجہ سے ڈرینج سے پانی بہہ کر میدان میں جمع ہو رہا ہے‘۔لوگوں نے متعلقہ محکمہ سے اپیل کی کہ وہ اس جانب توجہ مبذول کریں اور میدان کو کھیل کیلئے قابل استعمال بنائے۔ اسکول میدان میں غلیظ پانی جمع ہونے پر اسکول انتظامیہ کو بھی سخت تشویش لاحق ہوگئی ہے۔ اسکول کے شعبہ کھیل کے ایک ذمہ دار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ اگر چہ یہ اسکول کی جائیداد ہے،تاہم عام طور پر یہ میدان مقامی لوگوں کے زیر استعمال رہتا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر چہ ڈرین کو اسکول احاطے کے باہر بنانا چاہے تھا، اسکول انتظامیہ کو بے خبر رکھتے ہوئی بنائی گئی۔انہوں نے کہا کہ اب یہ ہر طرح سے بہہ رہی ہے،جس کی وجہ سے اسکول کے میدان میں پانی جمع ہو رہا ہے،اور یہ نا قابل استعمال ہوتا جا رہا ہے۔