جموں//ریاست کے 12000سے زائد امیدواروں نے ایم بی بی ایس کورسوں میں داخلہ کے لئے ہونے والے نیشنل الیجبلٹی کم انٹرنس ٹسٹ NEETمیں حصہ لیا۔ قومی سطح پر منعقدہ اس ٹسٹ کے انعقاد کے لئے جموں شہر میں متعدد مراکز قائم کئے گئے تھے تاہم سب سے زیادہ رش کیندریہ ودیالیہ KV-1گاندھی نگر، کے سی پبلک اسکول اور سی بی ایس ای کے ساتھ منسلک دیگر اسکولوں میں دیکھا گیا، صبح 10بجے شروع ہوئے اس ٹسٹ کا دورانیہ 3گھنٹے تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ماضی میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسوں میں داخلہ کے لئے ریاستی سطح پر بوپی BOPEEکے زیر اہتمام ٹسٹ منعقد کئے جاتے تھے تاہم اب مرکزی حکومت نے ان ٹسٹوں کا انعقاد قومی سطح پر بیک وقت لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق آج ریاست کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں میں بھی ٹسٹ لیا گیا۔ قومی سطح پر1522این آر آئی اور 613غیر ملکی طلاب سمیت11,38,890 امیدوار اس امتحان میں شریک ہوئے جن کے لئے 1900مراکز قائم کئے گئے تھے۔ سنٹرل بورڈ برائے اسکول ایجوکیشن CBSEکی جانب سے اردو سمیت 10زبانوں میں امتحان کا انعقا دکیا گیا جو 65000ایم بی بی ایس اور 25000بی ڈی ایس نشستوں میں داخلہ کے لئے قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ سی بی ایس ای کی جانب سے اس ٹسٹ کے نتائج کا اعلان کئے جانے کے بعد کامیاب امیدواروں کی فہرست مرکزی وزارت صحت و طبی تعلیم کو بھیج دی جائے گی جو کونسلنگ کیلئے متعلقہ ریاستوں کے ساتھ رابطہ کار کا کام کرے گی۔