جموں// جے اینڈ کے بھارت سکائوٹس اینڈ گائیڈس ایسو سی ایشن کے کمشنر ایم ایم جوشی نے راج بھون جموںمیں گورنر این این ووہر اجو جے اینڈ کے بھارت سکائوٹس اینڈگائیڈس ایسو سی ایشن کے سرپرست بھی ہیں کے ساتھ ملاقات کی۔انہوںنے گورنر کو پچھلے برس کے دوران ایسو سی ایشن کی طرف سے عملائی گئی سکائوٹس اینڈ گائیڈس کی سرگرمیوں اور مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے کہا کہ سکائوٹس اینڈ گائیڈس تحریک نوجوانوں میں نظم و ضبط پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کی مجموعی ترقی کو بھی یقینی بنانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ اس تحریک کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے اور اسے ریاست کے تمام حصوں بالخصوص لداخ خطے میں مستحکم اورعام کیا جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی جموں پروفیسر اشوک ایمہ نے راج بھون جموںمیںگورنر این این ووہرا جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، کے ساتھ ملاقات کی۔ پروفیسر ایمہ نے گورنر کو رایا روچانی میں بگلا کیمپس پر بنیادی ڈھانچے ، موجودہ تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں ، قومی اور بین الاقوامی روابط اور یونیورسٹی میں عملائے جارہے اختراعی نوعیت کے پروجیکٹوں اور دیگر سرگرمیوںکے بارے میںتفصیل سے جانکاری دی۔وائس چانسلر نے چانسلر کو بتایا کہ یونیورسٹی نے ایم ٹیک اور منیجمنٹ پروگرام چلانے کیلئے اے آئی سی ٹی ای کی منظور ی حاصل کی ہے جس کے تحت ایم ٹیک طلاب 12,000 روپے فی ماہ کی فیلو شِپ حاصل کرسکتے ہیں۔گورنر نے یونیورسٹی میں تمام بنیادی سہولیات مکمل طور سے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس ادارے میں تدریسی ، تحقیقی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو مکمل طور سے دوام بخشا جاسکے۔ انہوںنے وائس چانسلر کو صلاح دی کہ وہ یونیورسٹی میں تمام سطحوں پر محنت اور نظم و ضبط کا ایک ساز گار ماحول قائم کریں تاکہ یونیورسٹی معیار کی اعلیٰ بلندیوں تک پہنچ سکے۔