عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے پولیس کو ڈوڈہ کے ایم ایل اے معراج ملک کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے سے روک دیا ہے اور اس معاملے میں تحقیقات جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔مقدمہ، جس میں دفعہ 356(2) (بے عزتی کے ارادے سے حملہ)، دفعہ 79 (سرکاری ملازم میں رکاوٹ ڈالنا) اور دفعہ 351(2) (سرکاری ملازم کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال)کے تحت الزامات شامل ہیں، جسٹس راجیش سیکھری کے سامنے سماعت کے لیے آیا۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں اعتراضات دائر کرنے کی ہدایت کی۔ معاملہ 31 اکتوبر 2025 کو مزید سماعت کے لیے درج کیا گیا ہے۔اس سے قبل، ڈوڈا انتظامیہ نے ایم ایل اے کیخلاف ایک ڈوزیئر تیار کیا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عام آدمی پارٹی کے قانون ساز نے آپریشن سندورکے دوران مبینہ طور پر سرکاری اہلکاروں کو دھمکی دی تھی ،جس کا مقصد فرقہ وارانہ اور علاقائی تقسیم پیدا کرنے کی کوششوں کا مقابلہ کرنا تھا۔ایس ایس پی ڈوڈا کے ذریعہ تیار کردہ اور ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ کے ذریعہ ہوم ڈپارٹمنٹ کو بھیجے گئے ڈوزیئر میں ملک کو “ہسٹری شیٹر” اور “عادی مجرم” قرار دیا گیا ہے۔ اس نے الزام لگایا کہ اس کے خلاف یونین ٹیریٹری کے مختلف تھانوں میں سرکاری دفاتر کو زبردستی تالا لگانے اور سرکاری ملازمین پر زبانی اور جسمانی طور پر حملہ کرنے سمیت متعدد ایف آئی آر درج ہیں۔ملک، جو ڈوڈہ حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں، نے تازہ ترین عدالتی پیش رفت پر عوامی طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔