حسین محتشم
پونچھ//چوہدری محمد اکرم ایم ایل اے سرنکوٹ نے علاقے میں ترقیاتی ضروریات اور جاری منصوبوں کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کے لئے پنچایت شیندرہ ، بلاک لسانہ کا ایک وسیع دورہ کیا۔ ان کے ساتھ محکمہ تعمیرات عامہ، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور جل شکتی سمیت اہم محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اپنے دورے کے دوران، چوہدری محمد اکرم نے موثر انفراسٹرکچر کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ مقامی باشندوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے زیر التواء کاموں کی تکمیل کو تیز کریں۔ انہوں نے کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ ان کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لئے بات چیت کی اور ان کے خدشات کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لئے اپنے عزم کا یقین دلایا۔ اپنے دورے کے ایک حصے کے طور پر، ایم ایل اے نے شندر ہ میں پرائمری ہیلتھ سینٹرکا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے طبی عملے کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال کے چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دیہی برادریوں کے لئے قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کی اہمیت کا اعادہ کیا اور پی ایچ سی کو مضبوط بنانے کے لئے اپ گریڈ اور اضافی وسائل کی سہولت فراہم کرنے کا عہد کیا۔ مزید برآں، چوہدری محمد اکرم نے شندرہ میں ہائیر سیکنڈری سکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا اور طلباء اور اساتذہ سے بات چیت کی۔ انہوں نے خطے میں معیاری تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تعلیمی وسائل کو بڑھانے کیلئے اپنی حمایت کا وعدہ کیا۔اس دوران مقامی شہریوں نے ایم ایل اے کا گرمجوشی سے استقبال کیا جس کے لئے موصوف نے کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور بروقت اور موثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری محکموں کے درمیان تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔