زاہد بشیر
گول//جموںو کشمیر میں نیشنل کانفرنس کی حکومت بننے کے بعد ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین نے گول سب ڈویژن سطح پر پہلے عوامی دربار کا انعقاد کیا جس میں سب ڈویژن سطح کے تمام محکمہ جات کے آفیسران نے بھی شرکت کی اور اس موقعہ پر سب ڈویژن گول سے تعلق رکھنے والے مختلف علاقوں کے لوگوں نے بھی بھر پور شرکت کی۔ اس موقعہ پر لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اُبھارے اور کئی مسائل ایم ایل اے سجاد شاہین نے موقعہ پر ہی حل کئے اور آفیسران کو جلد از جلد اس بارے با خبر کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ اس موقعہ پر جو مسائل سر فہرست رہے وہ ڈگری کالج گول کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنا اور اس میں کالج نظام کو چلانا ، انڈور اسٹیڈیم کی تعمیر ، گول کے اسکولوں میں اساتذہ کی قلت ، محکمہ صحت کو فعال بنانا، سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے ، پینے کے پانی و بجلی نظام کو درست کرنا وغیر شامل ہیں ۔ اس موقعہ پر دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے کہا کہ دہائیوں سے کئی مسائل دھرے کے دھرے پڑے ہوئے ہیں اور کسی بھی سرکار نے ان مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ وہیں اس موقعہ پر کھیت نہر جس پر کروڑوں روپے صرف ہوا ہے کا بھی ذکر کیا گیا ۔ لوگوں نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے تعمیر ہوئی سڑکوں کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور کئی سڑکیں سالہا سال سے ادھوری پڑی ہوئی ہیں جن میں جمن گاگرہ روڈ پر پلوں کی تعمیر بھی شامل ہے ۔ وہیں اس موقعہ پر کئی اسکولوں کو اپ گریڈ کرنے کی بھی ایم ایل اے سجاد شاہین نے یقین دہانی کرائی جس میں گرلز ہائی سکول گول کو ہائر سکینڈری کا درجہ دینا بھی شامل ہے ۔ اس موقعہ پر سجاد شاہین نے تمام مسائل کو سنا اور موقعہ پر آفیسران سے بھی جواب مانگا ۔ سجاد شاہین نے کہا کہ ہر تین ماہ کے بعد ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ ہوا کرے گی جس میں پہلی میٹنگ میں لوگوں نے جو مسائل اُٹھائے ہیں وہ دیکھا جائے گا کہ وہ کتنے حل ہوئے ہیں اور تمام محکموں کو جواب دہ بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ تعلیم و صحت کی طرف زیادہ توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے اور گول میں اس کی بہت بڑی کمزوری دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ سجاد شاہین نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو زمینداری کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے اور آئندہ دنوں میں گول سب ڈویژن سطح پر ایک بہت بڑا کسان میلے کا انعقاد محکمہ زراعت کی جانب سے کیا جائے گا جہاں پر لوگوں کو زمینداری سے متعلق جانکاری بھی دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ مختلف محکموں کی جانب سے دی جانے والی اسکیموں کا بھر پور فائدہ اُٹھائیں اور وہ عوام کا نمائندہ ہے عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے مسائل اُن تک پہنچائیں ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ عوام کے ہر مسئلے کو حل کرنے کی حتی الوسیع کوشش کریں گے ۔