عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری سے رکن اسمبلی افتخار احمد نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جاری کشیدہ صورتحال کے درمیان گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری میں زخمی افراد کی مدد کے لئے خود خون کا عطیہ دیا۔ ان کے ہمراہ کئی حامی بھی خون دینے کے لئے موجود تھے۔خون دینے سے قبل افتخار احمد نے ہسپتال میں داخل زخمیوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔خون عطیہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار احمد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی آگے آئیں اور خون عطیہ کریں تاکہ مشکل وقت میں زخمیوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ ’ہم ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ قوم سب سے پہلے ہے، اور ہم متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے‘۔