جولائی 2026 تک ایم بی بی ایس کورسزکا آغاز ہوگا
سرینگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پیٹشن کمیٹی نے کل اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں آل اِنڈیا اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) اونتی پورہ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے کی ۔ایمز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس موہنتی نے اَب تک کی پیش رفت کے بارے میں کمیٹی کو آگاہ کیا۔اُنہوں نے بتایا کہ ایم بی بی ایس کورسز جولائی 2026 ء سے شروع ہونے کی توقع ہے جبکہ او پی ڈِی اور آئی پی ڈِی خدمات اسی سال کے آخیر تک شروع ہو جائیں گی۔کمیٹی نے میٹنگ کے شروعات میں بنیاد ی ڈھانچے کی ترقی ، مشینری کی خریداری، اَفرادی قوت اور دیگر متعلقہ منصوبوں سے متعلق کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔چیئرمین موصوف نے اِس بات پر زور دیا کہ اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کام کی مقررہ مدت کا سختی سے خیال رکھنا نہایت ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ منصوبہ کشمیرکے لوگوںکے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے اور اسے جلد اَز جلد مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ لوگ اِس سے فائدہ اُٹھا سکیں۔‘‘اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ تمام نامکمل کاموں کی رفتار تیز کریں اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کریں۔کمیٹی نے مزید زور دیا کہ ایمز اونتی پورہ کو ایک مربوط یونٹ کے طور پر شروع کیا جانا چاہیے جس میں او پی ڈِی اور آئی پی ڈی خدمات سمیت تمام سہولیات کو عام لوگوں کے لئے بیک وقت فعال بنایا جائے۔