جموں//جموں مسلم فرنٹ نے حکومت سے جموں میں وجے پور علاقے میں ایمزکیلئے نشاندہی کی گئی گوجربستی کومنتخب کرکے وہاں آباد 200خانہ بدوش کنبوں کوہٹانے کیلئے کابینہ فیصلے کاازسرنوجائزہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے اسے سماج میں پھوٹ ڈالنے کی ایک سازش قراردیاہے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں میڈیاسے بات کرتے ہوئے جموں مسلم فرنٹ کے لیڈر شجاع ظفرنے کہاکہ متعددبار ایمزکیلئے چنی گئی جگہ پراعتراضات اُٹھائے گئے اوریہ بھی بتایاگیاکہ یہ زمین ایسی ہے جہاں سیلاب کاخطرہ ہے اوراس کے علاوہ یہ سرحدکے بھی نزدیک ہے لیکن اس کے باوجود ایمزجیسے ادارہ کووہاں قائم کرناسمجھ سے بالاترہے۔انہوں نے مرکزی حکومت کے محکمے نے بھی ریاستی حکومت کی طرف سے رکھ بھروٹیاں وجے پور کی عبداللہ بستی کو ایمزکیلئے منتخب کرناغیرمناسب ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک مخصوص طبقہ (گوجروں) کو نشانہ بنایاجارہاہے اورسماج میں فرقہ پرستی پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ظفرنے وزیراعظم نریندرمودی اور وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ایمزکو ادھمپور، وادی چناب ، سدھرایابجالتہ میں بنانے کی تجویز پیش کی۔