بانہال // شاہراہ پر واقع ایمر جنسی ہسپتال بانہال کو ضروری اور اہم فیڈر سے فراہم کی جانے والی بجلی میں بار بار کی کٹوتی کی وجہ سے ہسپتال میں روزآنہ آنے والے سینکڑوں مریضوں اور ہسپتال انتظامیہ کیلئے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے۔ ہسپتال کیلئے مخصوص بجلی فیڈر سے بجلی کی فراہمی کے روز روز منقطع ہونے کے مسئلے نے ہسپتال میں جراحی کرانے والے مریضوں اور متعلقہ ڈاکٹروں کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا کہ ہسپتال کیلئے بجلی کی مخصوص لائین کے بند رہنے کی وجہ نے مریضوں اور ان کے تیماداروں کو اس خدشے میں مبتلا کیا ہے کہ کہیں ہسپتال کو بجلی بند رکھ کر ریلوے اور فورلین کی تعمیراتی کمپنیوں کو یہ بجلی غیر قانونی طور سے فراہم تو نہیں کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے یہاں دور دراز سے آنے والے سینکڑوں مریضوں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایمرجنسی ہسپتال بانہال کے ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے کئی ہفتوں سے ہسپتال کو فراہم کی جانے والی اہم فیڈر کی بجلی کے بار بار بند رہنے کی وجہ سے اپریشن تھیٹر میں آپریشن کی غرض سے لئے گئے مریضوں کو کئی کئی گھنٹوں تک انتطار کرنا پڑتاہے اور اس دوران کئی آپریشنوں کو ملتوی کردینا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کی صورت میں بعض اوقات ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کو ہی عوامی غم و غصے کا نشانہ بننا پڑتا ہے حالانکہ بجلی کی فراہمی کے ساتھ ان کا دور دور کا واسطہ بھی نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسرے ، ڈینٹل سروس سمیت ہسپتال کے دیگر شعبوں کوبغیر بجلی کے کام کرنا ناممکن ہوتا ہے تاہم اپریشن تھیٹر میں بجلی کی فراہمی کے جنریٹر سیٹ سے کام چلایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار اچانک بجلی کے بند ہونے کی وجہ سے موم بتیاں جلا کر ہسپتال کے ایمر جنسی تھیٹر میں کام کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہ پر واقع ایمرجنسی ہسپتال بانہال کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ یہاں آنے والے سینکڑوں مریضوں اور سڑک حادثات کے زخمیوں کومزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑسکے اور لوگوں کو راحت پہنچ سکے۔