عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کشمیر نے خبردار کیا ہے کہ ایمبولینسوں میں رکاوٹ ڈالنے پر 10,000 روپے جرمانہ یا 6 ماہ تک قید ہو سکتی ہے۔محکمہ ٹریفک نے اپنے سرکیولرمیں کہا’’کسی بھی طبی ہنگامی نقل و حرکت کی صورت میں، وادی کشمیر میں کام کرنے والے ہسپتال انتظامیہ اور دیگر صحت کی دیکھ بھال کے مراکز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کنٹرول روم کے ساتتھ رابطہ قائم کریں تاکہ سرینگرمیونسپل حدود میں مریضوں کی پریشانی سے پاک نقل و حرکت ہو”۔اس میں کہا گیا ہے کہ مریضوں کو لے جانے والی میڈیکل ایمرجنسی گاڑیوں کے ڈرائیور اور تیماردار مذکورہ ہیلپ لائن نمبرز پر ٹریفک کنٹرول یونٹ کے ساتھ مریض کے ہسپتال منتقلی کے دوران کسی پریشانی سے پاک گزرنے کے لیے قریبی رابطہ رکھیں۔سرکیولر میں کہا گیا ہے” تمام مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایمبولینسوں کے لیے راستہ ہموار کریں، خاص طور پر مریضوں کو ہسپتالوں لے جانے والی میڈیکل ایمرجنسی گاڑیوں(ایمبولینسوں)کو راستہ فراہم کرنے میں ناکامی سیکشن 194E موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت خلاف ورزی ہے اور اس پر 10,000 روپے کا جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے اور قید بھی،جو چھ ماہ تک بڑھ سکتی ہے،” ۔