پرویز احمد
سرینگر //گذشتہ2 سال اور9ماہ کے دوران مفت ایمبولنس سروس 108میں درد زہ میں مبتلا 673خواتین نے گاڑیوں میں ہی بچوں کو جنم دیا ۔ ایمبولنس گاڑیوں میں بچوں کو جنم دینے والے واقعات میں جموں میں 564جبکہ کشمیر میں 109شامل ہیں۔۔اس مدت کے دوران 1لاکھ 74ہزار 126مریضوں کو مفت سروسز فراہم کی گئی جن میں 83ہزار 540میڈیکل ایمرجنسی، 54ہزار 160زچگی معاملات، خودسوزی کے 3143واقعات، 19601ٹروما کیسز ، 1609جانوروں کے حملے میں زخمی ہونے والے اور 12ہزار 73کورونا کے معاملات شامل ہیں۔3دسمبر کو بانڈی پورہ سے لل دید اسپتال منتقل کرنے کے دوران ایک خاتون نے ایمبولنس میں ہی بچے جو جنم دیا ۔108ایمبولنس سروسز پروجیکٹ کے سربراہ مشتاق احمد نے بتایا کہ مارچ 2020میں شروع کی گئی 108 اور 102ایمبولنس سروسز کو جموں و کشمیر کے 20اضلاع میں شروع کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 108ایمبولنس سروسز میں ابتک 20اضلاع کی 673خواتین نے گاڑیوں میں بچوں کو جنم دیا جن میں 564جموں جبکہ 109کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان خواتین میں سرحدی ضلع کپوارہ اور وسطی ضلع گاندربل سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایمبولنس سروسز شروع کی گئیں تب انکے پاس 416ایمبولنس گاڑیاں تھیں لیکن اب گاڑیوں کی تعداد بڑھکر 490ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر 10منٹ میں 108ایک ایمرجنسی مریض کو خدمات فراہم کرتی ہے جبکہ 102 سروس ہر 38منٹ میں ایک مریض کو مفت ایمبولنس خدمات فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے بائوجود بھی شہری علاقوں میں 14منٹ اور 33سکینڈ کے دوران ضرورت مند مریضوں کو خدمات فراہم کی جارہی ہے جبکہ ہر 18منٹ اور 23سیکنڈ میں دیہی علاقوں میں مریضوں کو خدمات فراہم کی جارہی ہے۔