عظمیٰ نیوزسروس
جموں// کانگریس کے سینئر لیڈر غلام احمد میر نے جموں وکشمیر اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر کے خطبے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ کہ بجٹ اجلاس کے آغاز میں لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کی یقین دہائی کی۔انہوں نے کہا: ‘لیفٹیننٹ گورنر نے خود یہ تسلیم کیا کہ 7برسوں کے بعد آج کا بجٹ منتخب سرکار کا بجٹ ہوگا۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار یہاں پیر کو بجٹ اجلاس کے اختتام کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’آج بجٹ اجلاس کے آغاز پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے خطبے کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کی یقین دہانی کی گئی اور دوسری اچھی بات یہ تھی کہ ایل جی نے خود مانا کہ جموں وکشمیر میں سات برسوں کے بعد منتخب سرکار کا بجٹ ہوگا’۔ان کا کہنا تھا: ‘اس بجٹ میں لوگوں کے مشکلات کا خیال رکھا گیا ہوگا اور لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی ہوگی’۔مسٹر میدر نے کہا: ‘سات سال یہاں جمہوریت نہیں تھی یہاں بیوروکریٹ بند کمروں میں بجٹ بناتے تھے ‘۔انہوں نے کہا: ‘اب جب یہاں بجٹ پیش کیا جائے گا تو اس پر بحث ہوگی جس کو لوگ بھی دیکھیں گے اور لوگوں کو در پیش مشکلات جیسے بے روزگاری، عارضی ملازموں کے مسائل، بجلی، گیس، راش وغیرہ پر بحث ہوگی’۔