عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو2سرکاری ملازمین کو ملی ٹینسی کے ساتھ مبینہ روابط کے الزام میں برطرف کر دیا۔اب تک، تقریباً 80سرکاری ملازمین کو گزشتہ5سالوں میں ایل جی کی زیر قیادت انتظامیہ نے آئین کے آرٹیکل311کے تحت ملازمت سے برطرف کیا ہے۔حکومت کی طرف سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق برطرف کئے ملازمین میں غلام حسین ولد علی محمد ساکن ماہور ریاسی شامل ہے جو محکمہ تعلیم میں بحیثیت ایک استاد تعینات تھا۔مذکورہ استاد پر ایک اوور گرائونڈ ورکر ہونے اور اپنے ضلع میں ملی ٹینسی سے متعلق سرگرمیوں کو فروغ دینے کا الزام ہے ۔دوسرے ملازم ماجد اقبال ڈار ولد مرحوم محمد اقبال ڈار ساکن کھیرو راجوری ہے جو محکمہ تعلیم میں ایک استاد ہے ، کو برطرف کر دیا گیا جس پر منشیات کے ذریعے ملی ٹینسی کی مالی مدد کرنے اور نوجوانوں کی انتہا پسندی اور حراست کے باجود بھی تخریبی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے الزامات ہیں۔