عظمیٰ نیوزسروس
جموں//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ایم ایل اے وحید پرا نے منگل کو کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا خطاب ایل جی کا ایک معمول کا دستاویز تھا جس میں جموں و کشمیر کے سنگین مسائل بشمول بے روزگاری، ملازمت کی ضمانت اور دیگرچیزوں کا فقدان ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے، وحید پرہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایل جی کا پہلا خطاب اصل میں حکومت کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔انہوںنے کہا’’ایک طویل عرصے کے بعد جموں و کشمیر میں حکومت بنی ہے۔ ہمیں امید تھی کہ عوام کی امنگوں کے مطابق، این سی نے اپنے منشور میں لوگوں سے جو وعدے کیے ہیں، وہ ان کے ویژن دستاویز میں ظاہر ہوں گے۔ بدقسمتی سے، یہ ایل جی کی ایک روٹین دستاویز کی طرح لگتا ہے، جو پچھلے پانچ سالوں سے پیش کیا جا رہا ہے۔ بے روزگاری، روزگار کی ضمانت ایکٹ، سیاسی قیدی، ان مسائل پر کچھ نہیں بولا گیا۔یہ ایک انتہائی مایوس کن دستاویز تھی جسے ایل جی نے کل پڑھا۔ ہمیں امید تھی کہ جموں و کشمیر کے سیاسی مسائل کا ذکر کیا جائے گا‘‘۔