جموں و کشمیر کی ترقی کو پٹری سے اتارنا چاہتا ہے:منوج سنہا
اننت ناگ// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو پاکستان پر الزام لگایا کہ وہ خطے کی ترقی کے سفر کو پٹڑی سے اتارنے اور مختلف برادریوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔لارکی پورہ اشموکان میں ایک مذہبی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ایل جی نے پاکستان کو ایک “دہشت گرد ملک” قرار دیا جو جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ سالوں میں کی گئی پیش رفت کو ختم کرنے کی کوشش میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کی پانچ سالہ ترقی کو تباہ کرنا چاہتا ہے، وہ ہمارے اتحاد کو توڑنا چاہتا ہے، ہمیں اس کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دینا چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ دشمن کے ایجنڈے کو شکست دینے کا واحد راستہ اتحاد اور اجتماعی مزاحمت ہے۔ ” ایل جی نے کہا کہ ہم سب کو مل کر دہشت گرد ملک کے مذموم عزائم کے خلاف لڑنا چاہیے، ملی ٹینسی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکورٹی فورسز اہم کردار ادا کر رہی ہیں، لیکن عوام کا تعاون بھی اتنا ہی ضروری ہے۔”سنہا نے زور دے کر کہا کہ جہاں انتظامیہ امن اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہے، یہ مقصد صرف اسی صورت میں حاصل کیا جا سکتا ہے جب عوام ملی ٹینسی کے خلاف جنگ میں فعال طور پر حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کو مدد اور بروقت معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس لعنت کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔سیکورٹی اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے لوگوں کی لچک کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ “متعدد اشتعال انگیزیوں کے باوجود، جموں و کشمیر کے لوگوں نے غیر معمولی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے،ہم کسی کو بھی ہمیں تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔” لیفٹیننٹ گورنر منوج نے پہلگام میں ننون بیس کیمپ کا دورہ بھی کیا اور امرناتھ یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں، خدمت فراہم کرنے والوں، لنگر سیواداروں، صفائی کے کارکنوں سے بات چیت کی اور عقیدت مندوں کے لیے سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یاترا کے ہموار اور کامیاب انعقاد میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے نمایاں تعاون کو سراہا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامی اور سیکورٹی حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی محفوظ سفر کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کیمپ میں قطار کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔