عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بدھ کو راج بھون میں جموں یاتری بھون ٹرسٹ کا پنچانگ 2024 ء جاری کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ادارتی ٹیم، جموں یاتری بھون ٹرسٹ اور ودوت پریشد کے ارکان کو مُبارک باد دی۔پنچانگ مذہبی رسومات، مبارک مواقع اورفیسٹولوں کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا۔اِس موقعہ پر پدم شری پروفیسر وشوا مورتی شاستری،صدر جموںیاتری بھون ٹرسٹ پون کمار شاستری، جنرل سیکرٹری ٹرسٹ گورداس شرما، ٹرسٹیزراج کمار اور کوشل،ممبر جموں یاتر ی بھون شرت شرما اور وِدوت پریشد کے ڈاکٹر لکشمی دَت شاستری موجود تھے۔اِس موقعہ پر جموں یاتری بھون ٹرسٹ کے اراکین نے جموں سے دہرادون جانے والی ٹرینوں کی فریکوئنسی ہفتہ وار سے روزانہ کی بنیاد پر بڑھانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر سے مداخلت کی بھی درخواست کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹرسٹ کے ممبروں کو یقین دِلایا کہ اس معاملے کو متعلقہ حکام کے ساتھ مناسب کارروائی کے لئے اٹھایا جائے گا۔
راج بھون جموں کے باہر سڑک حادثہ | ایس ایس ایف اہلکار کی موت ، ایل جی کا اظہارِ دکھ
عظمیٰ نیوز سروس
جموں// سپیشل سیکورٹی فورس (ایس ایس ایف) کا ایک اہلکار بدھ کو اس وقت مارا گیا جب اس کی موٹر سائیکل یہاں راج بھون کے باہر سڑک کے بیریکیڈ سے ٹکرا گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سلیکشن گریڈ کانسٹیبل روی کمار کو پنجتیرتھی میں راج بھون کے مین گیٹ کے قریب سڑک کے بیریکیڈ سے ٹکرانے کے بعد سر میں شدید چوٹیں آئیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ جموں کے نگروٹہ علاقہ کا رہائشی کمار راج بھون سے باہر آرہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے سڑک حادثے میں سپیشل سیکورٹی فورس (ایس ایس ایف) کے اہلکار ایس جی سی ٹی روی کمار کے فوت ہونے پر اظہارِ تعزیت کی ہے ۔ اُنہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا اور مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعا کی۔