عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔سنہا نےایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “آج صبح میں نے سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔میٹنگ میں سکریٹری محکمہ داخلہ چندراکر بھارتی، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات، سپیشل ڈی جی پی ایس جے ایم گیلانی، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی نتیش کمار اور آئی جی پی کشمیر زون وی کے بردی نے شرکت کی۔ میٹنگ میں دہلی دھماکے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، اس کے ممکنہ اثرات، اور جموں و کشمیر میں کسی بھی ملی ٹینٹ سرگرمی کے خدشات کا جائزہ لیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مقامات، اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات پر سیکورٹی سخت کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے ۔انہوں نے فورسز کو تاکید کی کہ وہ لوکیشن بیسڈ انٹیلی جنس شیئرنگ، سی سی ٹی وی نگرانی، اور مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول میکانزم کو مزید مضبوط بنائیں۔میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر پولیس نے حالیہ دنوں میں کی گئی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ پیش کی، جن میں جاری چھاپے ، یو اے پی اے کے تحت گرفتاریوں اور بارڈر علاقوں میں انسدادِ دراندازی اقدامات شامل تھے ۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ تمام اضلاع میں ڈی ایم اور ایس ایس پیز کی زیرِ نگرانی روزانہ سیکورٹی ریویو میٹنگیں ہوں گی جبکہ نیشنل ہائی وے ، ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز، اور سیاحتی مقامات پر چیکنگ اور گشت میں اضافہ کیا جائے گا۔