سرینگر//جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو مرکزی انتظام والے علاقے کیلئے اُس 28400کروڑ روپے انڈسٹریل پیکیج کا اعلان کیا جس کو مرکزی سرکار نے منظور کیا ہے ۔اس پیکیج کا مقصد جموں کشمیر میں صنعتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
آج ایک پریس کانفرنس کے دوران ایل جی سنہا نے کہا کہ مرکزی کابینہ نے اس پیکیج کو6 جنوری کے روزمنظور کیا اور اس کا مقصد صنعتی سیکٹر کو فروغ دیکر ساڑھے چار لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنا ہے۔یہ پیکیج17برس تک لاگو رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس پیکیج کے ذریعے مرکزی سرکار کے جموں کشمیر کے بارے میں عزم کا اظہار ہوتا ہے جس سے یہاں سرمایہ کاری کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
ایل جی اسنہا کا کہنا تھا کہ اس پیکیج سے یہاں کے صنعتی سیکٹر سے تعلق رکھنے والے افراد کو بڑی راحت ملے گی اور یہاں کی اقتصادی صورتحال کو بھی بڑھاوا ملے گا۔
ایل جی سنہا کے مطابق انتظامیہ طویل اور قلیل مدتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ یہاں کے پاور سیکٹر کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنایا جاسکے۔