اشرف چراغ
کپوارہ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس زون ترہگام نے ایل جی رولنگ ٹرافی کے تحت زونل سطح کے کرکٹ سلیکشن ٹرائلز کا انعقاد کیا ۔ ہائرسیکنڈری سکول ترہگام کے کھیل کے میدان میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں چیرمین بی ڈی سی ترہگام محمد عبداللہ میر، بی ڈی او ترہگام گوہر آریزو، 160 بی این ٹی اے میجر گورو دتا، پرنسپل ہائر سکینڈری سکول ترہگام ، مختلف پنچایتوں کے سرپنچوں اور زون کے دیگر کھیلوں کی شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔ پہلے دن کل 350 رجسٹرڈ کھلاڑیوں میں سے 90 کھلاڑیوں نے سلیکشن ٹرائلز میں حصہ لیا۔ ایونٹ کے لیے رجسٹریشن کا عمل ZPEO کے دفتر ترہگام سے شروع کیا گیا تھا جس میں 24 اگست تک زون میں 350 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے مختلف پنچایتوں کے 90 کھلاڑیوں نے سلیکشن ٹرائلز کے پہلے دن حصہ لیا اور یہ اگلے 3 دن تک جاری رہیں گے۔ زون سے منتخب کھلاڑی ضلعی سطح کے مقابلے میں حصہ لیں گے۔ سپورٹس زون انچارج ترہگام وسیم سجاد کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس قسم کی کھیلوں کا اہتمام کیا جائے گا ۔